ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یوم آزادی تقریبات کیلئے غیر معمولی حفاظتی انتظامات

یوم آزادی تقریبات کیلئے غیر معمولی حفاظتی انتظامات

Sat, 13 Aug 2016 10:58:02    S.O. News Service

بنگلورو12؍اگست(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور)میسور کی عدالت کے احاطہ میں حال ہی میں ہوئے بم دھماکہ اور اس سے مچی افراتفری کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے یوم آزادی تقریبات کے موقع پر ریاست بھر میں جہاں سخت پولیس بندوبست کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس کے مطابق شہر بنگلور میں یوم آزادی کی اہم تقریبات جو فیلڈ مارشل مانک شا پریڈ گراؤنڈ میں منعقد ہوں گی، اس جلسہ گاہ کی حفاظت کیلئے پولیس کا معقول بندوبست کیاگیا ہے۔ تقریبات کے دوران صورتحال پر نگرانی کیلئے 1500 پولیس جوانوں کو تعینات کیا جائے گا۔ پریڈ گراؤنڈ کے چاروں جانب سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جاچکے ہیں۔داخل ہونے والے لوگوں کی تلاشی اور جانچ کیلئے عمدہ ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ میٹل ڈیٹکٹر لگائے جارہے ہیں۔ نہ صرف پریڈ گراؤنڈ بلکہ شہر بھرمیں بھی مصروف عوامی مقامات پر غیر معمولی حفاظتی انتظامات کئے جائیں گے۔پریڈ گراؤنڈ میں حفاظتی انتظامات کی نگرانی کیلئے چار ڈی سی پی تعینات رہیں گے۔ یوم آزادی کے موقع پر مرکزی یا ریاستی خفیہ ایجنسیوں کی طرف سے حکومت کو ایسی کوئی تنبیہ نہیں ملی ہے کہ حالات کو بگاڑنے یا دہشت گردانہ حملوں کی کوئی کوشش ہوسکتی ہے، لیکن میسور کے واقعہ کو دیکھتے ہوئے حکومت کسی طرح کی کوتاہی کا موقع دینا نہیں چاہتی۔ ریاست کے تمام اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ہونے والی یوم آزادی تقریبات کے دوران بھی سخت حفاظتی انتظامات یقینی بنانے اضلاع کے پولیس سپرنٹنڈوں کو ہدایت دی جاچکی ہے۔ اس بار یوم آزادی تقریبات میں غیر معمولی حفاظتی انتظامات کے تحت تقریبات کی ویڈیو فلمنگ یا دیگر مقاصد کیلئے ڈرون کے استعمال پر پابندی لگائی گئی ہے۔ ڈرون کے ذریعہ فضائی مناظر کشی کیلئے ویڈیو گرافرس کیمرے استعمال کرتے ہیں لیکن ان کے استعمال سے اہم شخصیتوں کی حفاظت میں خلل کے اندیشوں کو دیکھتے ہوئے اور ساتھ ہی دہشت گردانہ کارروائیوں کیلئے ڈرون کے استعمال کے امکانات کو دیکھتے ہوئے پولیس نے یوم آزادی کے موقع پر کسی بھی سرکاری یا غیر سرکاری تقریب میں ڈرون کیمروں کے استعمال کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یوم آزادی تقریبات میں شرکت کیلئے فیلڈ مارشل مانک شا پریڈ گراؤنڈ میں داخل ہونے والے تمام افراد کی بم اسکواڈ کی طرف سے تلاشی لی جائے گی۔بغیر دعوت نامہ کے کسی کو بھی جلسہ گاہ میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔ یوم آزادی تقریبات کی حفاظت کے سلسلے میں پولیس نے سوشیل میڈیا پر بھی گہری نظر رکھی ہے۔ سوشیل میڈیا کے ذریعہ ملک دشمن مواد کی تشہیر اور دہشت گردانہ عناصر کے مبینہ پیغامات پر نظر رکھنے کیلئے ریاستی پولیس کا شعبۂ سائبر کریم مستعد ہے۔


Share: